شنگھائی (شِنہوا) چین کے مسافر طیارے سی 919 نے پیر کو شنگھائی ایئرپورٹ سے بیجنگ کے ایک ائرپورٹ تک پہلی ویلیڈیشن پرواز کی جس کے دوران طیارے کی تمام تیکنیکی کارکردگی کی تصدیق کی گئی۔
یہ پرواز مسافر طیارے کے 100 گھنٹوں پر محیط ویلیڈیشن دورانیے کی شروعات تھی،جو فروری 2023 کے وسط تک جاری رہے گا۔ تجارتی آپریشن کو ذہن میں رکھتے ہوئے جانچ کے اس عمل میں سی 919 کے قابل بھروسہ ہونے کی تصدیق کی جائے گی۔ جس کا مقصد اس کی حفاظت اور کارکردگی کو یقینی بنانا ہے۔
سی 919 چین کا پہلا ملکی ساختہ بڑا جیٹ لائنر ہے۔
سی 919 کے لانچ آپریٹر چائنہ ایسٹرن ایئرلائنز کے مطابق، 100 گھنٹے کی ویلیڈیشن پرواز کے عمل میں ہوائی جہاز ملک کے کئی شہروں بشمول بیجنگ، چھینگڈو، شی آن، ہائیکو اور چھنگ ڈاؤ میں لینڈنگ کرے گا۔
پہلا سی 919 طیارہ اس ماہ کے شروع میں چائنہ ایسٹرن ایئر لائنز کو فراہم کیا گیا تھا۔
چائنہ ایسٹرن ایئرلائنز نے کہا کہ پائلٹس، فلائٹ اٹینڈنٹ اور دیکھ بھال کے عملے کے پہلے گروپ نے اپنی تربیت مکمل کر لی ہے، اور اہم عہدوں پر تعینات اہلکاروں کو مزید تربیت دی گئی ہے۔
چین کی سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی طرف سے تصدیق شدہ پرواز کے عمل کے نتائج کا جائزہ اور معائنہ کیا جائے گا، اور اگر ٹیسٹ کے نتائج تسلی بخش ثابت ہوئے تو ایئر لائن کو سی 919 طیارے کے لیے آپریٹنگ پرمٹ جاری کیا جائے گا۔
توقع ہے کہ یہ ہوائی جہاز 2023 کے موسم بہار میں چائنہ ایسٹرن ایئر لائنز کے تجارتی آپریشن میں شامل کیاجائے گا۔