چین کے اعلیٰ عہدیدار کی روس کے سبکدوش سفیر سے ملاقاتتازترین
September 14, 2022
بیجنگ (شِنہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ(سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن یانگ جیچھی نے چین میں روس کے سبکدوش ہونے والے سفیر آندرے ڈینسوف سے ملاقات کی ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے دفتر برائے خارجہ امور کمیشن کے ڈائریکٹر یانگ نے اس ملاقا ت کے دوران چین۔ روس تعلقات کی مضبوط اور مستحکم ترقی کو فروغ دینے میں ڈینسوف کے مثبت کردار کو بہت سراہا ۔
یانگ نے کہا کہ دونوں مما لک کی قیادت کی اسٹریٹجک رہنمائی میں دونوں اطراف کے مابین تعلقات ہمیشہ سے درست راہ پر گامزن رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک اپنے اپنےبنیادی مفادات سے متعلق معاملات پر ایک دوسرے کی ثابت قدمی کے ساتھ حمایت کرتے ہیں اور بین الاقوامی اور کثیر الجہتی مواقع پر ایک دوسرے سے قریبی تعاون کرتے ہیں۔
یانگ نے کہا کہ چین ، روس کے ساتھ مل کر دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کی اسٹریٹجک ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانے، دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور بین الاقوامی نظام کو مزید انصاف پر مبنی اور منصفانہ بنانے کےلیے تیار ہے۔