بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ ان کا ملک ہنگری کے ساتھ ملکر کام کرنے کو تیار ہے تاکہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے شدہ اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد کے علاوہ چین ۔ یورپ تعلقات میں چین۔ ہنگری تعلقات کو فوقیت حاصل ہو سکے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے یہ بات ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹر سجارتو کے ساتھ فون پر گفتگو میں کہی۔
وانگ نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل چینی صدر شی جن پھنگ نے ہنگری کے کامیاب دورے میں ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان کے ساتھ مشترکہ طور پر چین۔ ہنگری تعلقات کو نئے دور میں ہرقسم کے حالات میں جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا جس سے دوطرفہ تعلقات میں پیشرفت کو تقویت ملی تھی۔
انہوں نے ہنگری کو یورپی یونین کی صدارت ملنے پر مبارکباد دی ۔ وانگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین نے ہمیشہ یورپی انضمام اور یورپی یونین کی اسٹریٹجک آزادی کی حمایت کی اور وہ یورپ کو جدیدیت کے چینی راستے پر ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ چین۔ یورپ پائیدار رابطے میں ہنگری مثبت اور تعمیری کردار ادا کرے گا۔
بات چیت میں ہنگری کے وزیرخارجہ سجارتو نے کہا کہ صدر شی کا دورہ ہنگری مکمل طور پر کامیاب رہا جس کے مثبت خیز نتائج ملے ۔ ہنگری۔ چین دوستانہ تعلقات کے مثبت نتائج ظاہر کرتے ہیں اور چین کے ساتھ گہرا تعاون یورپ کے بنیادی مفادات میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہنگری، یورپ۔ چین باہمی افہام و تفہیم کے فروغ ، تعاون کا دائرہ بڑھانے، تحفظ پسندی کی مخالفت کرنے اور تجارتی تنازعات کو بات چیت اور مشاورت سے حل کرنے پر زور دینے کے لئے یورپی یونین کی صدارت سنبھالنے کے موقع سے فائدہ اٹھانے کو تیار ہے۔
فریقین نے یوکرین تنازع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ہنگری کے وزیرخارجہ نے کہا کہ چین اور برازیل کے مشترکہ طور پر پیش کردہ "6 نکاتی مشترکہ مفاہمت" نے مستقبل کے امن مذاکرات کے لئے ایک اچھی بنیاد رکھ دی ہے۔ ہنگری اس اہم امن اقدام سے مکمل طور پر اتفاق کرتا اور امن میں چین کے کردار پر اس کا شکرگزار ہے۔