بیجنگ(شِنہوا)چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ فریقوں نے یوکرین کے بحران پرامن مذاکرات کو فروغ دینے میں چین کے مثبت کردار کو مکمل طور پر تسلیم کیا ہے۔ جبکہ چین بحران کے سیاسی حل میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
یہ بات چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے پیر کو روزمرہ کی پریس بریفنگ کے دوران یوریشین امور کے لیے چین کے خصوصی ایلچی لی ہوئی کے یوکرین اور دیگر ممالک کے دوروں کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہی۔
15 سے 26 مئی تک یوکرین، پولینڈ، فرانس، جرمنی، یورپی یونین کے ہیڈ کواٹر اور روس کے اپنے دوروں کے دوران لی یوکرین کے بحران کے سیاسی حل کے حوالے سے تمام فریقوں کے ساتھ وسیع رابطوں اور تبادلوں میں مصروف رہے۔ ترجمان نے کہا کہ انہوں نے چین کے موقف اور تجاویز پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور تمام فریقوں کی آراء اور تجاویز کو سنا جس کا مقصد وسیع تر بین الاقوامی اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔
ماؤ نے مزید کہا کہ تمام فریقوں نے لی کے دورے کو بہت اہمیت دینے سمیت امن مذاکرات کو فروغ دینے میں چین کے مثبت کردار کو مکمل طور پر تسلیم کیا اور چین کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کے احترام کے مطالبے اور اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں پر عمل کرنے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام فریق چین سے تعمیری کردار ادا کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ یوکرین کا بحران اب بھی نازک موڑ پر ہے اور چین یوکرین کے بحران کے سیاسی حل میں کردار ادا کرنے کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے اور باہمی اعتماد کو گہرا کرنے کی غرض سے تمام فریقوں کے ساتھ بات چیت اور تبادلوں کو مضبوط کرتا رہے گا۔