• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 12th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین یوکرین بحران کے سیاسی حل کے لیے کوششیں جاری رکھے گا: چینی خصوصی سفیرتازترین

June 03, 2023

بیجنگ(شِنہوا) چین کی حکومت کے خصوصی نمائندہ برائے یورپی و ایشیائی امور لی ہوئی نے کہا ہے کہ چین یوکرین بحران کے سیاسی تصفیے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے بیجنگ میں اپنے دورہ یورپ کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ 15 سے 28 مئی تک یوکرین، پولینڈ، فرانس، جرمنی، یورپی یونین کے ہیڈ کواٹرز اور روس کے اپنے دوروں کے دوران  یوکرین کے بحران کے سیاسی حل کے حوالے سے تمام فریقوں کے ساتھ وسیع رابطوں اور تبادلوں میں سرگرم رہے۔

لی نے کہا کہ یوکرین، روس ، یورپی ممالک اور یورپی یونین نے امن کو فروغ دینے کے لیے چین کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے یوکرین کے بحران کے سیاسی حل کی حمایت کی ہے اور انہوں نے یہ توقع ظاہر کی ہے کہ چین اس حوالے سے مثبت کردار ادا کرے گا جبکہ ان ممالک نے چین کے ساتھ وسیع رابطوں اور تبادلوں پر بھی آمادگی ظاہرکی ہے۔

مذاکرات میں درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے لی ہوئی نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ کوئی ملک تمام فریقین کے درمیان اتفاق رائے کی تعمیر کو فروغ دینے کے لیے آگے آئے اور بحران کے حتمی حل کے لیے حالات پیدا کرے۔

روس نے کہا کہ اس نے کبھی بھی امن مذاکرات کی مخالفت نہیں کی اور ہمیشہ سیاسی ذرائع سے مسائل کے حل کی حمایت کی ہے۔ لی کے مطابق یوکرین  نے بھی امن کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن مذاکرات کا دروازہ بند نہیں ہے۔

لی ہوئی نے کہا کہ چین ہر وہ کام کرنے کو تیار ہے جو حالات کو معمول پر لانے اور مذاکرات کو فروغ دینے کے لیے سازگار ہو۔  

یوکرین میں انسانی بحران کے حل کے بارے میں لی نے کہا کہ چین نے انسانی ہمدردی کی صورتحال پر چھ نکاتی تجویز پیش کی ہے اور یوکرین کو انسانی امداد کی کئی کھیپیں فراہم کی ہیں۔