بیجنگ(شِنہوا) چین کے صدرشی جن پھنگ نے کہا ہے کہ ان کا ملک آسٹریلیا کے ساتھ باہمی احترام اور یکساں مفاد کے اصولوں پر مبنی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
چین آسٹریلیا سفارتی تعلقات کے قیام کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر چینی صدر اور آسٹریلیا کے گورنر جنرل ڈیوڈ ہرلی اور وزیر اعظم انتھونی البانیز کے درمیان مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ ہوا۔اپنے پیغامات میں صدر شی نے کہا کہ 50 سال قبل دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے مختلف شعبوں میں عملی تعاون کے فائدہ مند نتائج برآمد ہوئے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو ٹھوس فوائد حاصل ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایشیا پیسفک خطے کے دونوں اہم ممالک کے درمیان تعلقات کی صحت مند اور مستحکم ترقی نہ صرف ان کے عوام کے بنیادی مفادات میں ہے بلکہ خطے اور دنیا کے امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے بھی سازگار ہے۔
صدر شی نے کہا کہ وہ چین-آسٹریلیا تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور سفارتی تعلقات کی 50ویں سالگرہ کو باہمی احترام، یکساں مفاد کے اصولوں پرعمل پیرا ہونے، پائیدار ترقی،چین-آسٹریلیا جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے لیے فوائد کو جاری رکھنے کا ایک موقع خیال کرتے ہوئے آسٹریلیا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔