بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اور فرانس کی وزیر برائے یورپ وخارجہ امور کیتھرین کولونا نے بیجنگ میں عوامی تبادلوں کے حوالے سے چین فرانس اعلیٰ سطحی ڈائیلاگ میکانزم کے چھٹے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
اجلاس میں دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ اور چین فرانس ثقافتی وسیاحتی سال کو عوامی تبادلوں کوفروغ دینے کے ایک موقع کے طور پر استعمال کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ مواقع اور مزید فوائد کے لیے عوامی تبادلوں کو فروغ دیا جاسکے۔ وانگ نے کہا کہ عوامی تبادلوں کے اعلیٰ سطحی مکالمے کے میکنزم نے دوطرفہ تعلقات کی ترقی کے لیے رائے عامہ کی مضبوط بنیاد رکھی ہے اور مختلف تہذیبوں اور طرز حکومت کے حامل ممالک کے لیے ہم آہنگی کے ساتھ رہنے کے لیے مفید تجربہ فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور فرانس کو جامع طور پر ثقافتی اور عوامی تبادلوں کو مضبوط کرنا چاہیے، عوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور دوستی کوفروغ دیتے ہوئے چین اور یورپ کے درمیان تبادلوں اور عالمی تہذیبوں کے درمیان تبادلوں کے لیے ایک ماڈل کے طور پر مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔