• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چین، بی وائی ڈی کا تھائی لینڈ میں الیکٹرک گاڑیوں کا پلانٹ تعمیر کر نے کا اعلانتازترین

September 09, 2022

بنکاک (شِنہوا) چین کی کاریں تیار کرنے والی کمپنی بی وائی ڈی نے تھائی لینڈ کے صنعتی اسٹیٹ ڈویلپر ڈبلیو ایچ اے گروپ کے ساتھ جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں اپنی نئی الیکٹرک گاڑیوں (ای وی ) کی فیکٹری بنانے کے لیے زمین کی خریداری کے معاہدے پردستخط کیے ہیں۔

یہ پلانٹ 96 ہیکٹرز پر مشتمل ہے اور تھائی لینڈ کے مشرقی صوبے ری ونگ میں واقع ہے جو کہ اس ملک کی مشرقی اقتصادی راہداری کا حصہ ہے اور ایک خصوصی ترقیاتی زون ہے۔

1 لاکھ 50 ہزاریونٹس کی سالانہ پیداواری صلاحیت کے ساتھ اس پلانٹ میں پیداواری سرگرمی  کا آغازسال 2024 میں شیڈول ہےاور توقع ہے کہ اس پلانٹ سے تھائی لینڈ، ہمسایہ آسیان (جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں کی ایسوسی ایشن) کے ملکوں اور دیگر خطوں میں الیکٹرک مسافر کاروں کی فروخت دیکھنے کو ملے گی۔

تھائی لینڈ اپنی  الیکٹرک کاروں کی مارکیٹ کو نمایاں طور پر فروغ دینے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ اپنی گاڑیوں کی پیداوار کا 30 فیصد الیکٹرک کاروں پر منتقل کرسکے ۔

 ڈبلیو ایچ اے کے شریک بانی اور چیئرمین جارییپورن جاروکورنساکول نے کہا کہ بی وائی ڈی کا تھائی لینڈ میں داخلہ اس کی آٹو انڈسٹری کو اس مقصد کے قریب ترلے جانے میں مدد فراہم کرے گا اور ساتھ ہی ملک کو الیکٹرک کاروں کی مینوفیکچرنگ کا عالمی مرکز بننے میں مدد کرے گا۔

بی وائی ڈی کے ایشیا بحرالکاہل آٹو سیلز ڈویژن کے جنرل مینیجر  لیوژیولیانگ نے کہا کہ بی وائی ڈی کو امید ہے کہ اس کی الیکٹرک گاڑیوں کی ٹیکنالوجی تھائی لینڈ کی الیکٹرک کاروں کی صنعت کی مجموعی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گی ۔

تھائی لینڈ اپنی صنعتی چین اور جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے طویل عرصہ سے جنوب مشرقی ایشیا میں گاڑیوں کی پیداوار کا ایک بڑا مرکز رہا ہے، جس نے  ایس اے آئی سی موٹر اور گریٹ وال موٹر جیسے چینی کار سازوں کو وہاں پلانٹ لگانےکے لیے ترغیب دی ۔