بیجنگ/جوہانسبرگ(شِنہوا) چین باہمی مفاد پر مبنی برکس تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ 22 سے 24 اگست تک جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں ہونے والے 15ویں برکس سربراہی اجلاس کے دوران مزید پیش رفت متوقع ہے۔
ماہرین کے مطابق، برکس کے کھلے پن، جامعیت اور یکساں مفاد پرمبنی تعاون کے جذبے سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے، رکن ممالک نے کوویڈ کی وبا کے بعد اقتصادی بحالی کو فروغ دینے کے لیے تعاون میں اضافہ کیا ہے۔ کسٹمز کی جنرل ایڈمنسٹریشن کے اعداد و شمار کے مطابق برکس کے دیگر رکن ممالک برازیل، روس، بھارت اور جنوبی افریقہ کے ساتھ چین کی غیر ملکی تجارت 2023 کے پہلے سات ماہ میں گزشتہ سال کی نسبت 19.1 فیصد اضافے سے23کھرب 80ارب یوآن(تقریباً330ارب62کروڑ ڈالر)ہو گئی ہے جو اس مدت کے دوران چین کی کل غیر ملکی تجارت کا 10.1 فیصد ہے، جس میں 1.6 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔
خاص طور پر، ان ممالک کے لیے چینی برآمدات گزشتہ سال سے23.9 فیصد اضافے سے 12کھرب 30ارب یوآن رہیں جبکہ اس کی درآمدات 11کھرب50ارب یوآن تک پہنچ گئی ہیں، جس میں گزشتہ سال سے 14.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔