بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے سری لنکا کے وزیراعظم دنیش گنا وردھنا سے بیجنگ میں بات چیت کی ہے۔
چینی وزیراعظم لی نے کہا کہ چین اور سری لنکا تعاون میں سٹریٹجک شراکت دار ہیں جن میں مخلصانہ باہمی تعاون اور نسلوں پر محیط پائیدار دوستی شامل ہے۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا احترام کیا ہے اور 67 برس قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے برابری اور باہمی تعاون سےاستفادہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین، سری لنکا کے ساتھ ملکر کام کرنے کو تیار ہے تاکہ دونوں سربراہان مملکت کے درمیان گزشتہ برس ہونے والی ملاقات میں طے شدہ اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد، دوستی کی روایت کو آگے بڑھانے ، سیاسی باہمی اعتماد کو مستحکم کرنےاور مشترکہ ترقی میں پیشرفت کے لئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون وسیع کیا جاسکے۔
چینی وزیراعظم لی نے کہا کہ چین قومی اتحاد اور استحکام کے ساتھ ساتھ آزاد اقتصادی ترقی کے حصول میں سری لنکا کی کوششوں میں تعاون کرتا ہے۔ چین بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فریم ورک کے تحت بڑے منصوبوں پر عمل درآمد آگے بڑھانے اور تجارت ، زراعت اور سمندری تحقیق میں دوطرفہ تعاون وسیع کرنے کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے دونوں فریقین پر زور دیا کہ وہ صاف توانائی اور ٹیلی مواصلات شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کریں جبکہ ثقافت، سیاحت اور تعلیم کے شعبوں میں تبادلے اور تعاون مستحکم بنائیں۔
چینی وزیراعظم لی نے کہا کہ چین مزید کمپنیوں کو سری لنکا میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہا ہے اور سری لنکا کی معیاری مصنوعات کی درآمدات میں اضافہ کرنے کا خواہشمند ہے جبکہ سری لنکا چینی کمپنیوں کو ایک اچھا کاروباری ماحول فراہم کرسکتا ہے۔
اس موقع پر سری لنکا کے وزیراعظم گناوردھنا نے سری لنکا کی قومی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی کوششوں میں طویل مدتی مدد فراہم کرنے اور ملک کو معاشی اور سماجی ترقی کا احساس دلانے اور کوویڈ 19 وبائی مرض اور مالی بحران سے نمٹنے میں مدد کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور چین کے تجویز کردہ عالمی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سری لنکا نے ہمیشہ ایک چین اصول پر عمل کیا ہے اور چین سےدوستانہ تعاون مضبوط بنانے سے متعلق پالیسیوں پر سختی سے عمل درآمد کیا۔
گنا وردھنا نے کہا کہ سری لنکا بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو مضبوطی سے آگے بڑھانے، مختلف شعبوں میں تعاون وسیع کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی تبادلے اور روابط میں مزید فروغ کے لئے چین کے ساتھ ملکر کام کرے گا تاکہ دونوں ممالک میں مشترکہ ترقی اور علاقائی امن واستحکام کو فروغ دیا جاسکے۔
لی اور گناوردھنا نے عظیم عوامی ہال میں بات چیت کے بعد تجارت، سرمایہ کاری، کسٹمز اور ترقیاتی تعاون جیسے شعبوں میں معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب میں شرکت کی۔
سری لنکا کے وزیراعظم گنا وردھنا اپنےچینی ہم منصب لی چھیانگ کی دعوت پر 25 سے 30 مارچ تک چین کا سرکاری دورہ کررہے ہیں۔