استنبول(شِنہوا) بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فتح بیرول نے کہا ہے کہ ترکیہ ،چین کے ساتھ تعاون کرک تے ہوئےشمسی توانائی کی اپنی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے کے قابل ہو جائے گا۔
استنبول میں منعقد ہونے والی ترکیہ ۔چین بزنس کانفرنس میں بھیجے گئے ایک ویڈیو پیغام میں بیرول نے کہا کہ ترکیہ کی صاف توانائی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی بڑی مانگ کو دیکھتے ہوئے چین اور ترکیہ کے مابین اہم تعاون پیدا کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اس تعاون کو شمسی توانائی سے لے کر ڈیجیٹلائزیشن اور آگے برقی گاڑیوں تک بہت سے شعبوں میں بڑھایا جاسکتا ہے۔
بیرول نے کہا کہ چینی حکومت کی جانب سے برسوں قبل نافذ کی گئی صنعتی پالیسیز کے نتیجے میں اب چین صاف توانائی کے شعبے پر حاوی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا کے 80 فیصد سولر پینل، 70 فیصد ونڈ ٹربائن اور ہر دو میں سے ایک الیکٹرک کار چین میں تیار کی جاتی ہے۔
بیرول کے مطابق چین کے پاس خاص طور پر شمسی توانائی کے شعبے میں بہت زیادہ صلاحیت ہے اور اپنی ضروریات کو پورا کرنے کے بعد اس کی اضافی صلاحیت برآمد کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شمسی، ہوا ، جوہری توانائی اور برقی کاروں کی پیداوار میں ترقی بہت تیز رفتار سے جاری ہے اور صاف توانائی کی لاگت تیزی سے کم ہو رہی ہے۔