ہانگ ژو (شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ اور تیمور لیسٹے کے وزیر اعظم ژانانا گوسماؤ نے مشترکہ طور پردوطرفہ تعلقات کو ایک جامع سٹرٹیجک شراکت داری میں بدلنے کا اعلان کیاہے۔
یہ اعلان ہفتہ کودونوں رہنماوں کے درمیان چین کے صوبہ ژی جیانگ کے دارالحکومت ہانگژو میں ہونے والے 19ویں ایشین گیمز کے آغاز سے قبل ملاقات میں کیا گیا۔
صدرشی نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کی بلندی دونوں ممالک کے لیے اپنے تعاون کو آگے بڑھانے کی ایک عملی ضرورت ہے اور دونوں عوام کی مشترکہ توقعات اس سے وابستہ ہیں۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین جدیدیت کے سفر پر تیمورلیسٹے کے ساتھ ہاتھ ملانے کوتیار ہے تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کومزید فوائد حاصل ہوں سکیں۔
صدرشی نے اس بات پر زور دیا کہ ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات کی پختہ حمایت کرنا دوطرفہ تعلقات کی مسلسل بہتری کے لیے ایک اہم سیاسی بنیادہے۔
چینی صدرشی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں فریقوں کو بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو فروغ دینا اورصنعت کی بحالی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، خوراک میں خود کفالت اور معاش میں بہتری کے چار اہم شعبوں میں تعاون پر مبنی کوششوں کو مضبوط بنانا چاہیے۔ شی نے مزید کہا کہ چین تیمور-لیسٹے کو علاقائی ترقی کے سفر میں بہتر طور پرشامل کرنے کی حمایت کرتا ہے۔
اس موقع پر تیمور-لیسٹے کے وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ حالیہ برسوں میں دو طرفہ تعلقات نے مسلسل مثبت نتائج حاصل کیے ہیں اور تیمور-لیسٹے کے عوام کوویڈ-19 کے خلاف جنگ کے دوران چینی حکومت کی بروقت اور موثرامداد کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
انہوں نے چینی کاروباری اداروں کا تیمور لیسٹے میں سرمایہ کاری کرنے اور ملک کی ترقی میں مدد کرنے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے چین کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعلقات کو جامع سٹرٹیجک شراکت داری کے نئے مرحلے میں داخل کرنے کے لیے کام کرنے کی توقع ظاہر کی۔
اس موقع پر دونوں فریقوں نے جامع سٹرٹیجک شراکت داری کے قیام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا۔
چین کے سینیئر رہنما کائی چھی ، ڈنگ شوئی شیانگ ، وانگ یی اور شین یی چھن بھی اس موقع پرموجود تھے۔