بیجنگ(شِنہوا)چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ چھن گانگ نے بیجنگ میں سیرا لیون کے امور خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر ڈیوڈ فرانسس کے ساتھ بات چیت کی۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس سال چین کے افریقہ کے ساتھ تعلقات میں اخلاص، حقیقی نتائج، ہمدردی اور نیک نیتی کے اصولوں کی دسویں سالگرہ منائی جا رہی ہے چھن نے کہا کہ یہ اصول دو طرفہ تعلقات کی کامیابی کا باعث بنے ہیں اور ان کے لیے ایک روشن مستقبل بھی کھلے گا۔
چھن نے کہا کہ دونوں فریقوں کو مشترکہ طور پر دونوں سربراہان مملکت کی طرف سے طے پانے والے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانا چاہیے، مضبوطی سے ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنا چاہیے، عملی تعاون کو مضبوط بنانا چاہیے اور بین الاقوامی اور علاقائی امور میں قریبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا چاہیے۔
اس موقع پر فرانسس نے کہا کہ سیرا لیون چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،ایک چین کے اصول پر مضبوطی سے عمل پیرا ہے اور دونوں عوام کے مفاد کے لیے چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔