چھونگ چھنگ (شِنہوا) چین اور پاکستان کے دو سرکردہ ثقافتی اداروں نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد ثقافتی تحفظ خاص طورسے غاروں میں بنے قدیم مندروں کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینا ہے۔ دوستانہ تعلقات اور تعاون کے قیام سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر رواں ہفتے چین کی اکیڈمی آف داژو راک کارونگز اورپاکستان کے ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیم آف خیبر پختونخوا کے درمیان دستخط ہوئے۔ یہ دستخط جنوب مغربی چھونگ چھنگ کے ضلع داژومیں منعقدہ غارمندروں کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی فورم میں کئے گئے۔ داژو راک کارونگز داژومیں واقع ہے جو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ایک مشہور مقام ہے۔ پاکستان کا شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ ثقافتی ورثے سے مالا مال خطہ ہے، جس میں 20 سے زیادہ عجائب گھر اور 20ہزار سے زیادہ آثار قدیمہ ہیں۔ مفاہمت کے مطابق، دونوں فریق تعاون کے لیے منصوبے شروع کریں گے،غاروں کے مندر کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی تعاون کا پلیٹ فارم تشکیل دیں گے اور مستقبل میں بین الاقوامی تعلیمی سیمینار منعقد کریں گے۔