اولان باتور (شِنہوا) چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے کہا ہےکہ چین ، منگولیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور تعاون وسیع کرنے کا خواہشمند ہے۔
چینی نائب صدر ہانگ ژینگ نے جمعے سے اتوار تک منگولیا کا تین روزہ دورہ کیا جس میں انہوں نے منگولین وزیراعظم لووسنامسرائے اویون ایرڈن، صدر اوخنا خریلسکھ اور اسپیکر دشزیگو امربایاسگلان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
منگولیا کے وزیراعظم اویون ایرڈین سے ملاقات میں چینی نائب صدرہان نے کہا کہ چین اور منگولیا سیاسی اعتماد کو مستحکم کرنے، باہمی مفید تعاون وسیع کرنے اور لوگوں کے درمیان باہمی تفہیم کے فروغ کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
نائب صدر ہان نے دونوں ممالک کے درمیان توانائی، رابطے اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے ساتھ ساتھ عالمی اور علاقائی امور میں مشاورت اور ہم آہنگی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ منگولیا نے 2025-2023 کو "منگولیا کی سیاحت کا سال" قرار دیا ہے جس کا چین خیرمقدم کرتا ہے اور منگولیا کے نوجوانوں، طلباء اور میڈیا کے ساتھ تبادلے مضبوط بنانے کو تیار ہے۔
انہوں نے چین۔ منگولیا ۔ روس تعاون گہرا کرنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے چین۔ منگولیا۔ روس اقتصادی راہداری کی تعمیر تیز کرنے پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران منگولین وزیراعظم اویون ایرڈن نے کہا کہ رواں سال منگولیا۔ چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ سمیت منگولیا ۔ چین دوستی اور تعاون معاہدے پر نظر ثانی کی 30 ویں سالگرہ اور دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی 10 ویں سالگرہ ہے۔ منگولیا باہمی احترام کے جذبے کے تحت دوطرفہ تعلقات کو ایک نئے دور میں آگے بڑھانے، پرامن بقائے باہمی اور مشترکہ ترقی کے لئے چین کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔
چینی نائب صدر ہان نے منگولین صدر خریلسکھ کے ساتھ ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ چین اور منگولیا اچھے ہمسایہ، اچھے دوست اور اچھے شراکت دار ہیں۔ چین نے ہمیشہ منگولیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو ہمسایہ سفارتکاری میں نمایاں مقام پررکھا ہے۔ فریقین نے ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور بڑے خدشات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ فریقین مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین ۔ منگولیا برادری کے قیام سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو اعلیٰ سطح پر لے جائیں گے۔
ملاقات کے دوران منگولین صدر خریلسکھ نے کہا کہ ان کا ملک چین کے ساتھ جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں پیشرفت کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ وہ ایک چین اصول پر سختی سے عمل پیرا ہے ، دونوں ممالک اور خطے کے عوام کے فائدے کے لئے مشترکہ مستقبل کے ساتھ منگولیا ۔ چین برادری قائم کرنے کے لئے چین کے ساتھ ملکر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔
چینی نائب صدر ہان ژینگ نے اسپیکر دشزیگو امربایاسگلان سے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے کہا کہ چین اس بات کو سراہتا ہے کہ چین کے ساتھ دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات منگولیا کی خارجہ پالیسی میں بنیادی کا درجہ رکھتے ہیں۔ چین تبادلے و تعاون مضبوط بنانے میں دونوں ممالک کی مقننہ اور سیاسی جماعتوں کی حمایت کرتا اور امید کرتا ہے کہ منگولیا کی اسٹیٹ گریٹ ہرال ، چین۔ منگولیا تعلقات میں مستحکم اور طویل مدتی پیشرفت میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔
اس موقع پر اسپیکر دشزیگو امربایاسگلان نے کہا کہ یہ منگولیا کا اسٹریٹجک انتخاب اور اتفاق رائے ہے کہ وہ چین کے ساتھ باہمی مفید دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کو برقرار رکھے اور مضبوط بنائے۔ منگولیا کی اسٹیٹ گریٹ ہرال اور تمام سیاسی جماعتیں چین سے تبادلوں و تعاون مزید وسیع کرنے ، ایک دوسرے سے سیکھنے اور تعاون بڑھانے میں تعاون کی خواہشمند ہیں۔