بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ چھن گانگ نے ملائیشیا کے اپنے ہم منصب زیمبری عبدالقادر کے ساتھ فون پر بات چیت کی ہے۔ اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
چھن نے اس بات چیت کے دوران کہا کہ چین ملائیشیا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ رواں سال چین۔ ملائیشیا جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی 10ویں سالگرہ اور آئندہ سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر دو طرفہ تعلقات کو نئی سطح پر لے جایا جا سکے۔
چھن نے کہا کہ چین ملائیشیا کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے آمادہ ہے تاکہ چین ۔ملائیشیا تعاون اور دیگر طریقہ ہائے کار پر اعلیٰ سطح کمیٹی کے کردار کو مکمل طور پر بروئے کار لایا جائے، اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو فروغ دیا جائے اور اہم منصوبوں میں ٹھوس پیش رفت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ چین علاقائی امن اور استحکام کے مشترکہ تحفظ کے لیے علاقائی ملکوں کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔ اس کے ساتھ چین اور جنوب مشرقی ایشیائی ملکو ں کی تنظیم کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے لیے ملائیشیا کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے۔
چھن نے کہا کہ چین کی وبا کی روک تھام کی پالیسی کے بارے میں ملائیشیا کی حکومت اور معاشرے کے مختلف شعبے با مقصد اور منصفانہ خیالات کے حامل ہیں اور چینی سیاحوں کو اپنے ملک میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اس سب کے لیے ان کو سراہتا ہے۔
چھن نے کہا انہیں یقین ہے کہ مشترکہ کوششوں سے دونوں فریق جلد ہی عملے کے معمول کے تبادلوں کو بحال کریں گے۔
زیمبری نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چھن کو چینی وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی قائم ہے اور ان کا ملک چین کو ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے اور چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
زیمبری نے کہا کہ ملائیشیا چین کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور عوام کے مابین رابطے کو مستحکم بنانے اور بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے امکانات کو بروئے کار لانے کے لیے تیار ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات کی زیادہ سے زیادہ ترقی کا حصول ممکن بنا یا جا سکے۔