جنیوا(شِنہوا) چین نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 54 ویں اجلاس میں 80 ممالک کی جانب سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں عمر رسیدہ افراد کے لیے بہتر سماجی تحفظ کے نظام پر زور دیا گیا ہے۔
مشترکہ بیان دیتے ہوئے جنیوا میں چینی مشن کے سربراہ چھن شو نے کہا کہ دنیا بھر میں عمر رسیدہ افراد کی آبادی میں اضافے کے ساتھ سماجی معاونت کے نظام میں کوتاہیاں زیادہ نمایاں ہو رہی ہیں۔ان میں سماجی تحفظ کی پالیسی کی پائیداری، بڑھاپے میں دیکھ بھال اور علاقائی تفریق کی بنیاد پر معاونت اور عمر رسیدہ افراد کے خلاف عمر کی بنیاد پر امتیازی سلوک شامل ہیں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سماجی تحفظ کا حق تمام افراد کے لئے انسانی وقار کی ضمانت دینے میں مرکزی اہمیت کا حامل ہے جب انہیں ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو انہیں اپنے انسانی حقوق کو مکمل طور پر سمجھنے کی صلاحیت سے محروم کرتے ہیں۔
بیان میں زور دے کر کہا گیا ہے کہ عمر رسیدہ افراد سمیت ہر کسی کو سماجی تحفظ کا حق ہے تاکہ وہ وقار کے ساتھ رہ سکیں اور معاشرے میں مکمل طور پر حصہ لے سکیں۔
مشترکہ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ سماجی تحفظ کے نظام میں بہتری اور عمر رسیدہ افراد کے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ پر تمام ممالک میں توجہ دینے کی ضرورت ہے۔