• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چین اور لاؤ س کے وزرائے خارجہ کی ملاقات،دو طرفہ تعلقات پرتبادلہ خیالتازترین

August 16, 2024

بینکاک(شِنہوا)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے لاؤس کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سیلومسی کوماسیتھ کے ساتھ تھائی لینڈ کے شہر چیانگ مائی میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی ،علاقائی معاملات پر تعاون اور میانمار کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وانگ یی جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی  بیورو کے رکن بھی ہیں نے کہا چین اور لاوس ایک دوسرے کیساتھ مخلصانہ سلوک کرتے ہیں اور ہمیشہ ایک  دوسرے کے مدد گار اور حمایتی رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اور دونوں جماعتوں کی اعلی قیادت کی تذویراتی رہنمائی میں مشترکہ مستقبل کیساتھ چین لاوس  برادری کی تعمیر میں تیزی آئی ہے،دو طرفہ  تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے،چین لاوس ریلوے صلاحیت مستقل طور پر نئی بلندیاں حاصل کر رہی ہے،دوطرفہ تبادلوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور عالمی اور علاقائی معاملات میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطے دیکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا چین لاوس کو اپنے قومی حالا ت  کے مطابق  ترقی کے راستے تلاش کرنے کی حمایت  سمیت لاؤ س پیپلز ریولوشنری پارٹی کی 12 ویں کانگریس کے انعقاد کے لئے لاؤس کی پرزور حمایت کرتا ہے تاکہ پارٹی کی قیادت اور سوشلزم کی سمت کو مستحکم کیا جاسکے  جبکہ ہم لاوس کی آسیان  چیئرمین شپ کی مضبوطی سے حمایت کرتے ہیں تاکہ اس کا  عالمی اور بین الاقوامی اثرروسوخ بڑھ سکے۔

انہوں نے کہا کہ چین لاؤس کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید گہرا کرنے، چین-لاؤس ریلوے کے جامع فوائد سے فائدہ اٹھانے، مشترکہ طور پر رکاوٹوں کو دور کرنے اور روٹ کے ساتھ مربوط ترقی کو تیز کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کی متعلقہ ترقی اور بحالی کی خدمت کی جاسکے۔

لاؤس کے وزیر خارجہ سیلومسی کوماسیتھ  نے اس موقع پر کہا کہ لاؤس اور چین کے درمیان تعاون کی تیز رفتار ترقی نے لاؤس کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔لاؤس دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو مشترکہ طور پر نافذ کرنے، اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو بڑھانے، رابطے اور معدنی وسائل جیسے شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے، بین الاقوامی جرائم کے خلاف مشترکہ طور پر لڑنے اور دونوں ممالک کے عوام کے فائدے کے لیے مشترکہ مستقبل کے ساتھ لاؤس چین  برادری کی تعمیر میں مزید کامیابیوں کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے میانمار کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وانگ نے نشاندہی کی کہ میانمار جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کا ایک اہم رکن ہے۔ چین میانمار کے ساتھ رابطے بڑھانے، آسیان کے پانچ نکاتی اتفاق رائے اور میانمار کے نئے پانچ نکاتی روڈ میپ کو عملی جامہ پہنانے اور میانمار کو داخلی استحکام برقرار رکھنے، سیاسی مصالحت کے حصول اور جمہوری منتقلی کے عمل کو دوبارہ شروع کرنے میں مدد دینے کے لیے آسیان کی حمایت کرتا ہے جو آسیان کے اتحاد اور خطے کے امن و استحکام کے لیے فائدہ مند ہے۔ 

سیلومسی کوماسیتھ نے شمالی میانمار میں امن مذاکرات کے فروغ اور اس کی سیاسی مصالحت میں چین کے تعمیری کردار کی تعریف کرتے ہوئے  کہا کہ لاؤس میانمار کے استحکام اور ترقی کی حمایت کے لئے چین کے ساتھ تعاون  کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے چیانگ مائی میں نویں لان کانگ میکونگ تعاون وزرائے خارجہ کے اجلاس کی کامیابی کو یقینی بنانے، مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک برادری  کے شعور کو مضبوط بنانے، تمام شعبوں میں عملی تعاون بڑھانے اور علاقائی خوشحالی اور استحکام میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالنے کی کوشش میں لان کانگ-میکونگ ممالک کے مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک کمیونٹی کی تعمیر کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔