ٹوکیو(شِنہوا)چین اور جاپان کے عوام کے درمیان تبادلوں اور ثقافتی تفہیم کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیلئے تقریباََ 60 ماہرین اور سکالرز نے ٹوکیو میں ایک فورم میں شرکت کی۔
چائنا فاؤنڈیشن برائے انسانی حقوق ترقی اور جاپان چائنا دوستی مرکز کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہونے والے اس فورم میں عالمگیریت کی شکل اختیار کرتی دنیا میں چین جاپان تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تفہیم کو فروغ دینے میں نوجوانوں کے کردار جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چائنا فاؤنڈیشن برائے انسانی حقوق ترقی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل چھن لیانگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور جاپان کی دوستی کی بنیاد عوام کے درمیان تبادلوں پر قائم ہے اور باہمی افہام و تفہیم دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کی اہم کلید ہے۔
چین میں جاپان کے سابق سفیر یوجی میاموتو نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ فورم مزید بات چیت کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا اور دونوں ممالک کے مابین مسائل کو حل کرنے میں مدد کرے گا۔
اس فورم کو جاپان میں چینی سفارت خانے کی حمایت حاصل تھی، فورم میں وزیر شی یونگ نے آگاہی کو بہتر بنانے کے لئے ثقافتی تعاون کو گہرا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
فورم سے قبل چینی وفد نے جاپان کی مختلف سماجی تنظیموں، یونیورسٹیوں اور میڈیا اداروں کا دورہ کیا۔