بیجنگ (شِنہوا)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ارجنٹائن کی ہم منصب ڈیانا مون ڈینو سے بیجنگ میں ملاقات کے دوران بات چیت کی۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے کہا کہ چین دوسرے ممالک کے داخلی امور میں مداخلت نہ کرنے کے اصول پر سختی سے عمل پیرا ہے ارجنٹائن کے عوام کے انتخاب کا احترام کرتا ہے اور ارجنٹائن میں اصلاحات کی کامیابی کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ارجنٹائن مشکلات پر قابو پالے گا اور ترقی اور احیاء کا ایک ایسا راستہ تلاش کرے گا جو اس کے قومی حالات سے مطابقت رکھتا ہوگا۔
وانگ نے کہا کہ چین رواں سال چین ۔ ارجنٹائن جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی 10 ویں سالگرہ سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے تاکہ مشترکہ طور پر دوطرفہ تعلقات کی سمت کا تعین کرکے مختلف شعبوں میں فریقین کے درمیان تعاون کو مزید یقینی بنایا جاسکے اور دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے نئے امکانات تلاش کئے جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ فریقین کو سیاسی باہمی اعتماد مضبوط بنانے سمیت ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کو سمجھنا اور تعاون کرنا، خلاء ، خلائی پرواز، سمندری اور انٹارکٹک شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا اور دوطرفہ تجارت میں پائیدار، مثبت اور متوازن پیشرفت کو فروغ دینا چاہئے۔
وانگ نے کہا کہ چین ہمیشہ معاشی اور مالی استحکام برقرار رکھنے میں ارجنٹائن کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور اپنی صلاحیت کے مطابق مدد فراہم کرنا چاہتا ہے ۔ دونوں فریقین کو مقامی سطح پرنوجوانوں کے درمیان، تعلیم اور صحت میں عوامی اور ثقافتی تبادلے گہرا کرنے کی ضرورت ہے۔
وانگ یی نے کہا کہ چین ارجنٹائن اور دیگر لاطینی امریکی اور کیریبین ممالک کے ساتھ ملکر کام کرنے کا خواہاں ہے تاکہ نئے دور میں برابری، باہمی فائدے، اختراع اور کھلے پن پر مبنی چین۔ لاطینی امریکہ تعلقات کے قیام میں پیشرفت ہوسکے جس سے عوام کو فائدہ ہو، اقوام متحدہ اور جی 20 جیسے کثیر الجہتی فریم ورک کے تحت ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنایا جاسکے اور ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران ارجنٹائن کی وزیرخارجہ ڈیانامون ڈینو نے کہا کہ ارجنٹائن میں داخلی سیاست میں تبدیلی سے چین سے متعلق اس کی دوستانہ پالیسی پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ارجنٹائن ایک چین اصول پر عمل پیرا اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فریم ورک کے تحت بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، تجارت، سرمایہ کاری، مالیات، سیاحت، خلاء، انٹارکٹیکا، سمندر اور ماحولیاتی تحفظ میں تعاون میں پیشرفت کا خواہمشند ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن کی نئی حکومت کھلے پن کی پالیسی پر عمل پیرا اور چینی کاروباری اداروں کو ارجنٹائن میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے لئے خوش آمدید کہتی ہے۔ ارجنٹائن سی ای ایل اے سی چین فورم کے فریم ورک کے تحت چین کے ساتھ تعاون وسیع کرنے، کثیر الجہتی میکانزم میں قریبی رابطے اور ہم آہنگی برقرار رکھنے اور عالمی امن کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے فروغ کا خواہشمند ہے۔
بات چیت کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔