بالی، انڈونیشیا (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں سربراہان مملکت نے مشترکہ مستقبل کے تحت چین ۔ انڈونیشیا کمیونٹی کی تعمیر پر اتفاق کیا۔
دونوں صدور نے آئندہ سال جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی 10 ویں سالگرہ کو دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تعاون کے نئے امکانات کھولنے کے موقع کے طور پر لینے پر اتفاق کیا۔
شی اور ویدودو نے پہلے ویڈیو لنک کے ذریعے جکارتہ۔ بانڈونگ تیزرفتار ریلوے کے آپریشنل ٹرائل اور چین ۔انڈونیشیا تعاون کی کامیابیوں پر ایک ویڈیو دیکھی۔
انہوں نے ریلوے کی تعمیر کی پیشرفت پربریفنگ سنی۔ آزمائشی ٹرین کے چینی اور انڈونیشین ڈرائیوروں میں سے ہر ایک نے مطلع کیا کہ ٹرین تیار ہے۔
انڈونیشیا، بالی میں چینی صدر شی جن پھنگ اور انڈونیشین صدرجوکو ویدودو ویڈیو لنک کے ذریعے جکارتہ۔ بانڈونگ تیزرفتار ریلوے کی آزمائش دیکھ رہے ہیں۔(شِنہوا)
دونوں صدور نے آغاز کی اجازت دی جس کے بعد نئی آزمائشی ٹرین دھیرے دھیرے تیگولر اسٹیشن سے نکلنا شروع ہوئی اور پھر رفتار پکڑنے لگی۔ اس کے ساتھ ہی پنڈال تالیوں سے گونج اٹھا۔
جکارتہ-بانڈونگ تیزرفتار ریلوے انڈونیشیا اور جنوب مشرقی ایشیا میں پہلی تیز رفتار ریلوے ہے۔ آپریشنل ہونے کے بعد اس کے ذ ریعے جکارتہ سے بانڈونگ تک سفر کا موجودہ وقت 3 گھنٹے سے گھٹ کر 40 منٹ رہ جائے گا۔
انڈونیشیا، بالی میں چینی صدر شی جن پھنگ اور انڈونیشین صدرجوکو ویدودو ویڈیو لنک کے ذریعے جکارتہ ۔بانڈونگ تیزرفتار ریلوے کی آزمائش دیکھ رہے ہیں۔(شِنہوا)
اس کے بعد دونوں سربراہ مملکت نے بات چیت شروع کی۔
شی نے جی 20 سربراہی اجلاس کی کامیاب میزبانی پر انڈونیشیا کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور انڈونیشیا تعاون سے ٹھوس نتائج برآمد ہوئے ہیں جس سے نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچا بلکہ خطے اور دنیا پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
شی نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں قومی کانگریس نے نئے دور کے نئے سفر میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مرکزی اہداف کی نشاندہی کی ہے۔ انڈونیشیا اپنے صد سالہ ہدف کے لئے تیار کردہ وژن انڈونیشیا 2045 کو عملی جامہ پہنانے کے لئے تیزی سے پیش رفت کررہا ہے۔
شی نے کہا کہ چین انڈونیشیا سے ہاتھ ملانے کو تیار ہے تاکہ دونوں ممالک شراکت دار اور ساتھی بن سکیں اور آگے کے سفر میں ایک دوسرے سے تعاون کرسکیں۔
ویدودو نے کہا کہ وہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے دوبارہ جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر ایک بار پھر شی کو ذاتی حیثیت میں مبارکباد دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ابھی دونوں صدور نے مشترکہ طور پر جکارتہ۔ بانڈونگ تیز رفتار ریلوے کی آزمائش کا مشاہدہ کیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کی علامت ہے۔