• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 26th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چین اور ایکواٹوریل گنی کے صدور کی ملاقات، باہمی تعلقات کوجامع اسٹریٹجک شراکت داری تک بڑھانے پراتفاقتازترین

May 29, 2024

بیجنگ (شِنہوا) چین اور وسطی افریقی ملک ایکواٹوریل گنی نے اپنے تعلقات کو تعاون کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

اس بات کا اعلان چینی صدر شی جن پھنگ اور جمہوریہ ایکواٹوریل گنی کے صدرتیوڈورو اوبیانگ نگوما مباسوگو نے بیجنگ میں بات چیت میں کیا۔

صدر شی نے کہا کہ چین اور ایکواٹوریل گنی اچھے دوست اور شراکت دار ہیں اور ان کے تعلقات میں اعلیٰ سطح کا سیاسی باہمی اعتماد موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ نصف صدی قبل سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد سے فریقین ایک دوسرے کی مدد اور ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کررہے ہیں۔

چینی صدر شی نے کہا کہ نئے حالات میں چین ۔ ایکواٹوریل گنی تعلقات کو مستحکم کرنا اور انہیں فروغ دینا دونوں ممالک اور عوام کے بنیادی مفادات اور مشترکہ توقعات کے مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین قومی خودمختاری اور آزادی کے تحفظ، غیر ملکی مداخلت کی مخالفت اور آزادانہ طور پر اپنی ترقی کی راہ تلاش کرنے میں ایکواٹوریل گنی کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

بات چیت کے دوران ایکوٹواریل گنی کے صدر اوبیانگ نے کہا کہ چین ایک عظیم مشرقی ملک، ایکواٹوریل گنی کا ایک اچھا بھائی اور قابل بھروسہ اسٹریٹجک شراکت دار ہے۔ 54 برس قبل دونوں ممالک میں سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے ان کے باہمی تعلقات نے ہمیشہ دوستانہ ترقی کو برقرار رکھا اور یہ اس وقت تاریخ کے بہترین دور میں ہیں۔ چین۔ایکواٹوریل گنی تعاون ہمیشہ مساوات اور باہمی احترام پر مبنی رہا ہے اور یہ کبھی بھی ایک دوسرے پر مسلط نہیں ہوئے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ افریقہ میں چینی میڈیکل ٹیموں، چین ۔ ایکواٹوریل گنی دوستی اسپتال اور دیگر اہم منصوبوں سے مقامی افراد کو فائدہ پہنچا ہے یہ افریقہ ۔ چین دوستی کی علامت بن چکے ہیں۔ ایکواٹوریل گنی کے دروازے چین کے لئے کھلے ہیں اور وہ سرمایہ کاری اور تعاون میں چینی کاروباری اداروں کا خیرمقدم کرتا ہے تاکہ ایکواٹوریل کو معاشی تبدیلیوں اور صنعتوں کے قیام میں مدد ملے جس سے پائیدار اور صحت مند قومی ترقی یقینی ہوسکے۔

دونوں سربراہان مملکت کی موجودگی میں سرمایہ کاری، اقتصادی ترقی، ڈیجیٹل معیشت، ماحول دوست ترقی، گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو کے نفاذ اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی دستاویزات پر دستخط ہوئے۔

فریقین نے تعاون کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام پر ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا۔