بیجنگ(شِنہوا) چین اور ایکواڈور نے دو طرفہ تجارت اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے لیے جمعرات کو آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر دستخط کردیے ہیں۔
وزارت تجارت نے کہا کہ اس معاہدے پر چین کے وزیر تجارت وانگ وین تاؤ اور ایکواڈور کے وزیر برائے پیداوار، غیر ملکی تجارت، سرمایہ کاری وماہی گیری جولیو پراڈو نے ایک سال تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد ویڈیو کے ذریعے دستخط کیے ۔
وزارت کے مطابق ایف ٹی اے سے دونوں ممالک کو اعلی معیار کے دوطرفہ کھلے پن کے حصول، بہتر کاروباری ماحول پیدا کرنے، تجارت اور سرمایہ کاری تعاون کے امکانات سے مزید فائدہ اٹھانے اور دو طرفہ تجارت کی پائیدار، مستحکم اور متنوع ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
ایف ٹی اے کے نفاذ کے بعد معاہدے کے مطابق، چین اور ایکواڈور کے درمیان 90 فیصد تجارتی اشیا کو ٹیرف سے مستثنی قرار دیا جائے گا، جب کہ ان میں سے 60 فیصد پر فوری طور پر صفر ٹیرف لاگو ہوگا۔