• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 24th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چین اول درجے کے کاروباری ماحول کے قیام کی کوششیں جاری رکھے گا، وزیراعظم لیتازترین

June 15, 2024

ویلنگٹن (شِنہوا) چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا ہے کہ ان کا ملک اپنی وسیع مارکیٹ صلاحیت کے ساتھ،اعلیٰ سطح پر معاشی کھلے پن کو غیرمتزلزل طور پر فروغ دینے کے لیے پرعزم  ہے اور ملکی ترقی کے حصول کی جانب غیر ملکی کاروباری اداروں کے لیےفرسٹ کلاس کاروباری ماحول اور تعاون جاری رکھے گا۔

وزیراعظم لی نے ان خیالات کا اظہار نیوزی لینڈ کے سرکاری دورے کے موقع پر وزیراعظم کرسٹوفر لکسن کے ساتھ آکلینڈ میں ڈیری کمپنی فونٹیرا کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ کمپنی کے دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کو چین میں کمپنی کے کاروباری آپریشنز اور ترقی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے مصنوعات کی نمائش کا دورہ  اورپیداواری عمل کا مشاہدہ کیا۔ چینی وزیر اعظم نے کہا کہ 40 سالوں سے، فونٹیرا چین میں کاروبار کرتے ہوئے اسے  مسلسل ترقی دے رہا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان یکساں مفاد پرمبنی  تعاون کی ایک واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے لیے ماحول دوست شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں اور چین فونٹیرا اور نیوزی لینڈ کے دیگراداروں کا ایسے مواقع سے فائدہ اٹھانے کا خیرمقدم کرتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے نیوزی لینڈ کی زرعی ٹیکنالوجی کی نمائش کابھی  دورہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم  لی نے کہا کہ زراعت ہمیشہ سے چین-نیوزی لینڈ اقتصادی وتجارتی تعاون کا فعال شعبہ رہا ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک دوطرفہ زرعی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے گزشتہ سال طے پانے والے اسٹریٹجک منصوبے پرمکمل عملدرآمد کریں گے اور زرعی مصنوعات میں تجارت کوفعال طور پر فروغ دیتے ہوئے زرعی ٹیکنالوجی میں تبادلوں کو مضبوط اور یکساں تعاون سے مزید فوائد حاصل کریں گے۔