بیجنگ (شِنہوا) چین نے کہاہے کہ وہ انسداد دہشت گردی پر دوہرے معیار کا سخت مخالف اور انسداد دہشت گردی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ہر وقت تیارہے۔
وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے ان خیالات کا اظہار روزانہ کی پریس بریفنگ میں کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچ نیشنل آرمی کے ایک کمانڈر جس نے خود کو پاکستانی حکومت کے حوالے کر دیا تھا نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت خفیہ طور پر بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی حمایت اور بلوچستان کی علیحدگی پسند قوتوں کی مالی معاونت کر رہا ہے۔ بلوچ حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی کارروائیوں کی بڑی وجہ بھارت کی دہشت گردوں کی حمایت اوران کا استعمال ہے۔
رپورٹس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ماؤ نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کی مشترکہ دشمن ہے اور چین دہشت گردی کے خلاف دوہرے معیار کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کی حمایت اوران کا استعمال اور بین الاقوامی اور علاقائی سلامتی کے مفادات کی قیمت پر اپنے مفادات کے لیے ان کی پرورش کرنے سے صرف الٹا نقصان ہی اٹھانا پڑے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف مشترکہ طور پر لڑنے کے لیے تمام ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تیارہے۔