جکارتہ(شِنہوا)چائنیز اکیڈمی آف سائنسز (سی اے ایس) اور انڈونیشیا کی نیشنل ریسرچ اینڈ اینوویشن ایجنسی کی جانب سے مشترکہ سائنسی مہم نے بحر ہند میں جاوا گھاٹی میں کامیابی سے 7ہزار178 میٹرز کی گہرائی تک پہنچ کر انڈونیشیا کی طرف سے گہرائی میں غوطہ لگانے کا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
ٹیم کے مطابق یہ مشترکہ مہم 23 فروری سے 23 مارچ تک کامیابی سے چلائی گئی جس میں سی اے ایس انسٹی ٹیوٹ آف ڈیپ ۔سی سائنس اینڈ انجینئرنگ کی انسان بردار گہرے سمندر کی آبدوز "فینڈوزے" کا استعمال کیا گیا۔
مشترکہ مہم کی خیر مقدمی تقریب کے دوران انڈونیشیا میں چین کے سفیر لو کانگ نے کہا کہ چین اور انڈونیشیا کے مابین حالیہ برسوں میں سمندر سے متعلق سائنسی تحقیق کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "مجھے امید ہے کہ دونوں ممالک کے سائنسدان مستقبل میں مزید اعلیٰ معیاری تحقیقی کامیابیاں حاصل کریں گے، جو سمندرکے ذریعے معاشی اور پائیدار ترقی کے حصول میں مزید کردارکریں گی۔"
انڈونیشیا کے بحری امور اور سرمایہ کاری کے رابطہ کار لوہوت بنسار پنڈجیتن نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس مشترکہ مہم سے دونوں ممالک کے مابین سمندری تعاون کو مربوط کرنے کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک سائنسی تعاون کو مزید وسعت دیں گے اورانڈونیشیا کے لیے مزید سائنسدان اور انجینئرز پیدا کریں گے۔