ہانگ کانگ(شِنہوا) ذہین تعمیراتی حل میں مہارت کے حا مل ہانگ کانگ میں قائم ایک اسٹارٹ اپ کے شریک بانی اور سی ای او آرتھر لام بہت خوش ہیں کہ ان کی کمپنی نے مشرق وسطیٰ کی مارکیٹ میں اپنے کام کا آغاز کر دیا ہے۔
ہانگ کانگ میں جمعرات کو اختتام پذیر ہونے والے آٹھویں بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ کے دوران کمپنی نیگاواٹ یوٹیلیٹی لمیٹڈ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مصدر سٹی فری زون میں واقع اسٹارٹ اپ ٹیکنالوجی ایکسلریٹر کیٹالسٹ کے ساتھ تعاون کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔
سمٹ کے منتظمین کے مطابق یہ تعاون ان 21 مفاہمتی یادداشتوں میں سے ایک ہے جن میں قابل تجدید تعمیراتی وسائل، پائیدار توانائی، تحقیق و ترقی، بنیادی ڈھانچے اور لاجسٹکس سمیت متعدد شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
کیٹالسٹ کے مینجنگ ڈائریکٹر سلیمان علی امین نے کہا کہ دونوں فریق اسمارٹ سٹی کی ترقی سے متعلق ٹیکنالوجیز میں تعاون کو بڑھائیں گے،یہ ایک ایسا شعبہ ہے جس کے مشرق وسطیٰ اور چین دونوں متلاشی ہیں۔
معاہدے پر دستخط کے بعد انہوں نے شِنہوا کو بتایا کہ تبادلہ باہمی ہے۔ یہ صرف ہانگ کانگ سے مشرق وسطیٰ میں آنے والی ٹیکنالوجی کمپنیز نہیں ہیں بلکہ بیلٹ اینڈ روڈ اینی شیٹو (بی آر آئی) نے ان تبادلوں میں بہت سہولت فراہم کی ہے۔