الجزائر (شِنہوا) چین اور الجیریا کے اعلیٰ حکام اور کاروباری نمائندے الجزائر کی مغربی بندرگاہ اُوران میں چین ۔الجیر یا اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے اکٹھے ہوئے۔
الجیریا میں چینی سفارت خانے اور اُوران کی صوبائی حکومت کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے اس فورم میں الجیریا کے قانون سازوں اور سرکاری عہدیداروں کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے کاروباری افراد سمیت 200 شرکا نے شرکت کی۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے الجیریا میں چین کے سفیر لی جیان نے کہا کہ فورم کا مقصد چین اور الجیریا کے کاروباری اداروں کے درمیان مواصلات کو آسان بنانے کے لئے ایک پلیٹ فارم تشکیل دے کر دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
اُوران کے صوبائی گورنر سعید سایود نے کہا کہ ان کے صوبے میں چینی سرمایہ کاری خوش آئند ہے اور الجیریا کا نیا سرمایہ کاری قانون غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرے گا۔
فورم کے دوران تعمیرات، ٹیکسٹائل اور مواصلات کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری رہنماؤں کے لیے تین گول میز مباحثوں کا انعقاد کیا گیا۔