بیجنگ(شِنہوا)چین کی نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں(این ای ویز) کی خوردہ فروخت میں اکتوبر کے دوران اضافہ ہوا ہے کیونکہ سپلائی میں بہتری اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ سے کار خریداروں میں پیدا ہونیوالے خدشات نے این ای ویز مارکیٹ پر مثبت اثر ڈالا ہے۔
چائنہ پسنجر کار ایسوسی ایشن کی جانب سے منگل کے روز جاری کردہ صنعتی اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ چین میں نئی توانائی والی کاروں کی خوردہ فروخت 5 لاکھ 56 ہزار یونٹس رہی جو گزشتہ سال کی نسبت 75.2 فیصد زیادہ ہے۔
ابتدائی 10 ماہ کے دوران ملک بھر میں خوردہ چینلز کے ذریعے نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کے 44 لاکھ 30 ہزار یونٹس فروخت کیے گئے ہیں جو ایک سال قبل کے مقابلے میں 107.5 فیصد زیادہ ہیں۔
مجموعی طور پر چین کی مسافر کاروں کی مارکیٹ میں اکتوبر کے دوران مستحکم نمو دیکھی گئی ہے گزشتہ ماہ خوردہ چینلز کے ذریعے 18 لاکھ 40 ہزار گاڑیاں فروخت ہوئیں جو گزشتہ سال کی نسبت 7.3 فیصد زیادہ ہیں۔
کار ایسوسی ایشن نے توقع ظاہر کی ہے کہ این ای وی بنانے والی بڑی کمپنیوں کی جانب سے گزشتہ ماہ قیمت فروخت میں کمی کے باعث چین کی این ای وی مارکیٹ میں نئی طلب دیکھنے کو ملے گی۔