چھانگ شا(شِنہوا) ملاوی کے صدر لازارس چکویرا نے کہا ہے کہ اعلی معیار کی ترقی اور اقتصادی نمو کے حصول میں چین کی کامیابی افریقہ کے لئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے شِنہوا کو دیئے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ گزشتہ دہائیوں کے دوران افریقی ممالک چین سے قیمتی سبق سیکھ رہے ہیں۔ چین کے وسطی صوبہ ہونان کے دارالحکومت چھانگ شا میں جمعرات سے اتوار تک منعقد ہونے والی تیسری چین۔ افریقہ اقتصادی و تجارتی نمائش میں شرکت کے موقع پر چکویرا نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ جو کچھ سیکھا گیا ہے اسے عملی جامہ پہنایا جائے اور اپنے ممالک میں ایسا کرنا شروع کیا جائے۔ ملاوی کے صدر نے شِنہوا کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ نمائش ہمارے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس سے ہم چینی عوام کے ساتھ نہ صرف عوامی بلکہ صنعتی اور قومی تعلق قائم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس اقتصادی و تجارتی نمائش کو اس بات کو یقینی بنانے کے لئے استعمال کریں گے کہ ہم یہاں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تجارت کریں۔ ہم چینی صنعت کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ملاوی میں اپنے آپ کو مضبوط کرے اور یہاں سرمایہ کاری کرے۔ 2022 میں بیلٹ اینڈ روڈ اینی شیٹو میں شامل ہونے والا ملاوی پہلے ہی زراعت، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے جیسے شعبوں میں چین کے ساتھ اپنی شراکت داری سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔ چکویرا نے کہا کہ ہم واقعی چینی سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کیونکہ اس سے ہمیں خود کفیل بننے میں مددمل رہی ہے اور گھریلو سطح کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر بھی ہمارے غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔