بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا ہے کہ چین، شام کی عرب لیگ میں واپسی کا خیرمقدم کرتا ہے اور اسے مبارکباد پیش کرتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق عرب لیگ نے اتوار کے روز وزرائے خارجہ کا خصوصی اجلاس طلب کیا جس میں شام کو دوبارہ گروپ میں شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وانگ نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ عرب ریاستوں کی طاقت اور اتحاد، عرب دنیا کی ترقی و بحالی اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لئے سازگار ہے۔ یہ عرب ریاستوں کے طویل مدتی مفادات کو پورا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ اتحاد کے ذریعے طاقت کے حصول میں عرب ریاستوں کی حمایت کی ہے اور عرب لیگ میں واپسی میں شام کی فعال حمایت کی ہے۔ چین نے اپنے چینلز کے ذریعے مختلف جماعتوں کو فعال طور پر شامل کیا ہے۔
وانگ کے مطابق گزشتہ ماہ مشرق وسطیٰ کے مسئلے پر چینی حکومت کے خصوصی سفیر ژائی جون نے شام کا دورہ کیا اور شام کے مسئلے کے سیاسی حل اور عرب لیگ میں شام کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے بارے میں شام کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ حال ہی میں چین نے شام کی عرب لیگ میں واپسی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کے لیے متعلقہ عرب ممالک میں ایک ٹاسک فورس بھیجی تھی۔
وانگ نے کہا کہ چین کے ریاستی قونصلر اور وزیر خارجہ چھن گانگ کی دعوت پر شام کے وزیر خارجہ فیصل میکداد جلد ہی چین کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شام اور دیگر عرب ممالک کے مخلص دوست کی حیثیت سے چین عرب یکجہتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کی حمایت کرتا ہے اور اس مقصد کے لیے انتھک کوششیں جاری رکھے گا۔