سینٹ پیٹرزبرگ(شِنہوا)عالمی معیشت کو مستحکم کرنے میں چین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
سینٹ پیٹرزبرگ اسٹیٹ یونیورسٹی کے شعبہ عالمی اقتصادیات کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ارینا کوکو شکینا نے شِنہوا کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ چین نے وبائی امراض کے اثرات اور گزشتہ سال عالمی معاشی بدحالی جیسے کچھ منفی عوامل کے باوجود مستحکم اقتصادی ترقی کو برقرار رکھا ہے۔
ماہراقتصادیات کے مطابق 2022 میں چین کی اقتصادی ترقی کی کئی وجوہات ہیں۔ پہلی وجہ یہ ہے کہ تمام خطرے کے عوامل کو بروقت مدنظر رکھتے ہوئے مناسب طریقے سے ایڈجسٹمنٹ کی گئی۔ دوسرا معیشت کو متحرک کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر قومی کنٹرول کو مارکیٹ کے ضوابط کے ساتھ مربوط کیا گیا۔ تیسرا اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے معاشی صلاحیت سے استفادہ جاری رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چین سائنس اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کو بڑھا رہا ہے اور اس شعبے میں بڑے منصوبوں کو فروغ دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیق اور ترقی پر چین کے اخراجات میں 2022 میں پچھلے سال کی نسبت تقریباً 10 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ترقی کی شرح مسلسل ساتویں سال دوہرے ہندسے میں رہی۔
انہوں نے کہا کہ چین نے بائیو ٹیکنالوجی، خلائی تحقیق اور سرسبزمعیشت کی ترقی کو برسوں سے ترجیحات کے طور پر اپنایا ہے۔ ان شعبوں میں ترقی کے حصول کے لیے ملک نے فعال طور پر سرمایہ کاری بڑھانے کا عہد کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم اور قابل اعتماد شراکت دار ہونے کے ناطے چین عالمی معیشت اور بین الاقوامی تعلقات کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔