• Dublin, United States
  • |
  • Apr, 28th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چین عالمی کاروباری اداروں کے ساتھ ترقی کے ثمرات بانٹتا رہے گا: نائب صدرتازترین

March 27, 2024

بیجنگ(شِنہوا)چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے کہا ہے کہ چین اپنی معیشت کی مستحکم ترقی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ترقی کے ثمرات دیگر ممالک کی کمپنیوں کے ساتھ بانٹنے  کاعمل جاری رکھے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے "چین میں سرمایہ کاری بارے سربراہ اجلاس" کی پہلی علامتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حکومت کی جانب سے شروع کردہ اس مہم  کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور غیر ملکی کمپنیوں کو چین میں موجود مواقعوں سے متعلق بہتر طور پر سمجھنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

ہان ژینگ نے کہا کہ چین غیر ملکی سرمایہ کاری کو بہت اہمیت دیتا ہے  اور باورکرایا کہ چین نے اعلیٰ سطح کے کھلے پن کو مزید وسعت دینے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے کوششیں تیز کرنے کا عزم  کررکھا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ چین نے اپنی طویل مدتی ترقی کو ٹھوس بنیادوں پر قائم کررکھا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی مارکیٹ کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے، اپنے صنعتی نظام اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

انکا کہناتھا کہ "انویسٹ ان چائنہ سربراہ اجلاس" کی میزبانی چین کے لیے بین الاقوامی سطح پر فعال کردار اداکرنے کے حوالے سے ایک اہم اقدام ہے اور اقتصادی عالمگیریت کو فروغ دینے اور عالمی صنعتی اور ترسیل کے سلسلے کو مستحکم کرنے کے لیے اس کی عملی کوششوں کا حصہ ہے۔

تقریب میں 140 سے زائد کاروباری افراد کے ساتھ ساتھ 17 ممالک اور خطوں سے چین میں غیر ملکی چیمبرز آف کامرس اور کاروباری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔