بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے کہا ہے کہ چین کھلے پن کی بنیادی ریاستی پالیسی پر کاربند رہے گا، کھلے پن کی حکمت عملی پر سختی سے عمل کرے گا، حقیقی کثیر الجہتی پر عمل کرنے کے لئے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کرے گا اور تمام ممالک کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فوائد فراہم کرنے کے لئے تعاون کے ذریعے مشترکہ ترقی حاصل کرے گا۔
لی نے ان خیالات کا اظہار بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں 52 ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے چین میں تعینات نئے سفارت کاروں اور نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔
چین میں سفارت کاروں اور نمائندوں کو ان کے نئے عہدوں پر فائز ہونے پر خوش آمدید کہتے ہوئے لی نے کہا کہ چین مختلف ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ دوستانہ تعاون کو فروغ دینے کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
لی نے کہا کہ چینی حکومت ملک میں فرائض سرانجام دینے والے سفارتکاروں اور نمائندوں کو مدد اور سہولت فراہم کرے گی۔ یہ امید کی جاتی ہے کہ آپ چین اور باقی دنیا کے درمیان باہمی تفہیم، باہمی اعتماد اور تعاون کو آسان بنانے کے لئے پل کے طور پر کام کرسکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین ہمیشہ عالمی امن کو برقرار رکھنے اور اپنی خارجہ پالیسی کے تحت مشترکہ ترقی کو فروغ دینے پر کاربند رہا ہے اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک کمیونٹی کی تعمیر کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نےکہا کہ ہم عالمی امن اور ترقی میں مزید یقین، استحکام اور مثبت توانائی پیداکرنے کے لئے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔