ہانگ ژو (شِنہوا) چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ کی کاؤنٹی چھوان آن میں کھیلوں کے ایک مرکز کے سائیکل ٹریک میں لکڑی کا ٹریک شیشے کی چھت سے گزرنے والی سورج کی روشنی میں شاندار طریقے سے چمک رہا ہے جس نے پورے مرکز کو روشن کررکھا ہے۔
شا ید بہت کم لوگوں کو اس کا علم ہوگا کہ 19 ویں ایشیائی کھیلوں کے 56 مقابلوں کے مقامات میں سے ایک اس سائیکل ٹریک نے 374 سرخ چیڑ کی لکڑی کے تختے کرائے پر حاصل کرکے تقریباً 90 لاکھ یوآن (تقریباً 12 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر) بچائے ہیں۔
یہ باکفایت طرز عمل ایشیائی کھیلوں میں ایک عمومی عمل رہا ہے۔ ایشیائی کھیل 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک منعقد ہورہے ہیں۔
کھیلوں کے 56 مقامات میں سے صرف 12 نئے تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ دیگر کی دوبارہ تعمیر ہوئی یا انہیں عارضی طور پر قابل استعمال بنایا گیا ہے اور اس میں تمام ری سائیکل اور قابل تجدید مواد استعمال ہوا ہے۔
سائیکل ٹریک میں مقام کے متحرک ڈھانچے کو دوبارہ ڈیزائن کرنے سے رولڈ اسٹیل کی کھپت میں 30 فیصد کمی ہوئی۔
ہانگ ژو ڈیانزی یونیورسٹی کے جمنازیم میں 5 ہزار سے زائد نشستیں 17 برس سے زیراستعمال ہیں۔ ان کی مہارت کے ساتھ تزئین و آرائش کی گئی تاکہ وہ منفرد منظر پیدا کرسکیں۔
مزید برآں، ہانگ ژو کے شانگ چھنگ اسپورٹس سینٹر اسٹیڈیم میں شمسی فلم اور نشستوں کی بحالی سے اخراجات میں نمایاں بچت ہوئی۔
دریں اثنا ہوٹلز اور کیفے ٹیریا میں گندم کے بھوسے سے تیار کردہ کپڑے کے ہینگر ، آسانی سے تلف ہونے والے کانٹے و چاقو اور چاول کے چھلکے سے تیار کردہ پیالے اور پلیٹس جیسی ماحول دوست اشیاء کھلاڑیوں اور صحافیوں کے درمیان دلچسپی کا موضوع بنے ہوئےہیں۔
بلاشبہ اس کفایت شعار نقطہ نظر نے ہانگ ژو ایشیائی کھیلوں کی تیاری میں پائیدار ترقی کو ایک ٹھوس حقیقت میں بدلا ہے۔ ان 56 مقامات میں سے 51 کو مستقبل میں استعمال کیا جائے گا جس کے لئے جامع منصوبہ تشکیل دیا ہے۔
ہانگ ژو اور دیگر شریک میزبان 5 شہروں نے بھی ایشیائی کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو اپنی بلدیاتی ترقی کے ساتھ ضم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ان کے نزدیک یہ مقابلے عوامی فٹنس سروس سسٹم بہتر بنانے کا سنہرا موقع ہے۔