ساو پالو(شِنہوا) برازیل کی مغربی ریاست ماتو گوروسو کےایمزون جنگل سے ملحقہ قصبے اپائی کاس کے ایک فارم میں دو انجن والا چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 5 افراد ہلاک ہو گئے۔
برازیل کے گلوبو نیوز نیٹ ورک نے عسکری پولیس کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایگری بزنس کے مالک اور فٹ بال کے یونین سپورٹس کلب کے سابق صدر ارنی سپیئرنگ، ان کے دو پوتے، ان کی کمپنی کا ایک ملازم اور پائلٹ شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق کنگ ایئر کا دو انجنوں والا طیارہ جس میں سات افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی، پوساڈا ایمازونیا فشنگ لاج سے رونڈونوپولس شہر جا رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا۔
برازیل کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ ایروناٹیکل ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن اینڈ پریوینشن سینٹر کے ماہرین کو حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کے لیے اپائی کاس بھیج دیا گیا ہے۔