ساؤپاؤلو (شِنہوا) برازیل کی شمالی ریاست ایمازوناس کے اندرون شہر بارسیلوس میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے۔
ایمازوناس کے گورنر ولسن لیما نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ تمام برازیلی سیاح ماہی گیری کے دورے پر جا رہے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ پائلٹ کو ما ہی گیری کے کھیل کے لئے مشہور مقام بارسیلوس میں لینڈنگ کے لیے رن وے تلاش کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
حادثے کا شکار ہونے والے برازیل کے دو ٹربوپر وپ لائٹ ٹرانسپورٹ طیارے ایمبریر ای ایم بی 110 بینڈیرینٹے کے مالک مانوس ایروٹیکسی ایئرلائن نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں حادثے کی تصدیق کی ہے۔
بارسیلوس کے میئر ایڈسن مینڈس کے مطابق شہری دفاع کی ٹیموں کو چودہ لاشیں ملی ہیں جن میں 12 مسافر، پائلٹ اور ایک شریک پائلٹ شامل ہیں۔