ڈھاکہ(شِنہوا)بنگلہ دیش میں 2 مسافر بسوں کے مابین آمنے سامنے سے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 63 زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثہ دارالحکومت ڈھاکہ سے تقریباً 304 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ضلع رنگ پور میں پیش آیا۔
رنگ پور کے ذیلی ضلع تاراگنج کے سربراہ محمد رسل میا نے فون پر شِنہوا کو بتایا کہ تصادم پیر کے روز مقامی وقت کے مطابق تقریباً 12 بجکر 15 منٹ قبل از سحر پر ہوا جس میں 5 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ 4 افراد بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
اہلکارکے مطابق تصادم کے باعث دونوں بسوں میں سوار کم از کم 63 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام زخمیوں کو مقامی ہسپتالوں اور کلینکس میں منتقل کر دیا گیا ہے، مزید بتایا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔