ڈھاکہ(شِنہوا)بنگلہ دیش کے ایک اپوزیشن لیڈرکودارالحکومت ڈھاکہ سے تقریباً 256 کلومیٹر مغرب میں واقع راج شاہی شہر میں وزیر اعظم شیخ حسینہ کو 19 مئی کو ایک تقریر میں "جان سے مارنے کی دھمکی" دینے پر گرفتار کر لیا گیا۔
راج شاہی میٹروپولیٹن پولیس ایڈیشنل کے ڈپٹی کمشنر رفیق العالم نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس نے جمعرات کی صبح شہر کے ہرگرام علاقے سے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے راج شاہی ضلع کنوینر ابو سعید چاند کو گرفتار کیا ۔
بی این پی رہنما کی تقریر کی ایک ویڈیو حال ہی میں وائرل ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ ’’اب ہمارا واحد مطالبہ شیخ حسینہ کو قبر میں بھیجنا ہے۔‘‘
اس کے بعد سے بی این پی رہنما کے خلاف راج شاہی اور ملک کے دیگر مقامات پر کم سے کم آٹھ مزید مقدمات درج کیے گئے۔
حسینہ واجد کی حکمراں جماعت بنگلہ دیش عوامی لیگ (اے ایل) اس دھمکی کےخلاف احتجاج میں ملک بھر میں جلوس اور ریلیاں نکال رہی ہے۔
بی این پی کے سینئر ترجمان روح کبیر رضوی نے کہا کہ پارٹی یا اس کے رہنما اور کارکن کسی کی جان نہیں لینا چاہتے اور نہ ہی کسی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم شیخ حسینہ کی حکومت کا خاتمہ چاہتے ہیں تاکہ غیرجانبدارحکومت کے تحت انتخابات منعقد ہوں۔
بدھ کو حسینہ واجد نے ایک بار پھر واضح کیا کہ بنگلہ دیش میں آئندہ عام انتخابات ان کی حکومت کے تحت ہوں گے۔