بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیر خارجہ چھن گانگ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی (آئی او ایم ای ڈی)قانون کی حکمرانی کے لیے دنیا بھر کے لوگوں کے لیے فائدہ مند اور بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی کے ابتدائی دفتر کی ہانگ کانگ میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے اپنے ویڈیو خطاب میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی بین الاقوامی تنازعات کے ثالثی کے ذریعے حل کے لیے وقف دنیا کی پہلی بین الحکومتی قانونی تنظیم ہوگی، چھن نے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کے چارٹرکے مطابق بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل کے اصول پر عملدرآمد کی جانب ایک اہم کوشش ہے۔مشترکہ طور پر ایک مستند، قابل اعتماد، موثر اور پیشہ ور بین الاقوامی ثالثی ادارے کے قیام پر زور دیتے ہوئے چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ یہ قانونی چارہ جوئی اور ثالثی کی حد سے کہیں آگے جاتے ہوئے کام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تنظیم کے قیام کا کام باہمی احترام کے اصول پر مبنی ہونا چاہیے جس میں وسیع مشاورت اور مشترکہ شراکت کو یقینی بناتے ہوئے کھلے پن اور جامعیت کے جذبے کو برقرار رکھنا چاہیے تاکہ متوازن ترقی حاصل ہوسکے۔