بیجنگ(شِنہوا) انسداد دہشتگردی سے متعلق عظیم دیوار 2024 بین الاقوامی فورم چین کے دارالحکومت بیجنگ میں شروع ہو گیا۔
چین کی مسلح پولیس فورس کی میزبانی میں منعقد ہونے والی اس چار روزہ تقریب میں 50 سے زائد غیر ملکی مسلح افواج کے 170 مندوبین کے علاوہ 150 سے زیادہ چینی نمائندے بھی شریک ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کی پیپلز مسلح پولیس فورس کے کمانڈر وانگ چھون ننگ نے دہشت گردی کی روک تھام اور اس کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے چار نکاتی تجویز پیش کی جسے حاضرین کی جانب سے بڑے پیمانے پر سراہا گیا۔
فورم کا موضوع خود کار انسداد دہشت گردی آپریشنز تجویز کیا گیا ہے، اس بین الاقوامی فورم میں تین موضوعات پر توجہ مرکوز کی جائے گی جن میں انسداد دہشت گردی کے خود کار سازوسامان،انسداد دہشت گردی کی خود کا جنگی حکمت عملی، اور انسداد دہشت گردی کی خود کار تربیت اورصلاحیت کی بہتری شامل ہے۔
پورے فورم کے دوران شرکاء مختلف تربیتی کورسز اور خودکار آلات کے مظاہرے کا بھی مشاہدہ کریں گے۔
2016 ء میں شروع ہونے والے اس فورم کا یہ پانچویں ایڈیشن ہے جو دنیا بھر میں دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے اتفاق رائے کو فروغ دینے ، رابطوں کو بڑھانے اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے وقف ہے۔