منیلا (شِنہوا) ایشیائی ترقیاتی بینک کی جاری کردہ تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بحرالکاہل کے ذیلی خطے کی معیشت رواں سال 3.3 فیصد اور 2025 میں 4 فیصد ترقی کرے گی۔
پیسیفک اکنامک مانیٹر کا کہنا ہے کہ پاپوا نیو گنی میں معدنی وسائل نکالنے کی بحالی ، سیاحت پر منحصر زیادہ تر معیشتوں میں سیاحوں کی مستحکم آمد اور عوامی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں پیشرفت سے ترقی آگے بڑھے گی۔
تاہم رپورٹ میں کئی خدشات بھی ظاہر کئے گئے ہیں جو منفی اثرات مرتب کرسکتے ہیں، جس میں مزدوروں اورمالی وسائل میں کمی ، آفات کا مسلسل سامنا اور اجناس کی عالمی قیمتوں اور سپلائی چینز میں اتار چڑھاؤ شامل ہیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے بحرالکاہل کی 14 ترقی پذیر معیشتوں کی اقتصادی ترقی اور پالیسی امور کا دوسالہ جائزہ لیا ہے جس میں بحرالکاہل خطےمیں لچک پیدا کرنے کے مختلف پہلوؤں کو دیکھا گیا تھا۔
رپورٹ میں قدرتی آفات برداشت کرنے کے قابل بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، موسمیاتی تبدیلیاں برداشت کرنے میں اضافے اور بحرالکاہل خطے کے منفرد پس منظر میں عوامی مالیاتی انتظام مضبوط بنانے کو اجاگر کیا ہے۔