واشنگٹن(شِنہوا) امریکی صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں بحر الکاہل کے جزیرہ نما ممالک کے سربراہان کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کی۔بحرالکاہل کے جزیرہ نما ممالک واشنگٹن کی جانب سے اس سے قبل کیے گئے بڑے وعدوں کے پورا ہونے کے تاحال منتظر ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق،سربراہی اجلاس میں صدر بائیڈن کی جانب سے ان ممالک کے لیے 20کروڑ ڈالر کی نئی فنڈنگ کا اعلان کیا گیا ،جس میں 4کروڑ ڈالر کی نئی انفراسٹرکچر سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔تاہم یہ فنڈنگ کانگریس کی منظوری سے مشروط ہے۔
وائٹ ہاؤس کی طرف سے فراہم کردہ متن کے مطابق اپنے خیرمقدمی کلمات میں، بائیڈن نے غلطی سے نئے انفراسٹرکچر کی سرمایہ کاری کے لیے 40 ارب ڈالرکا اعلان کردیا۔ اگرچہ رسمی فیکٹ شیٹ میں اسے درست کر دیا گیا تھا لیکن برطانوی اخبار دی گارجین کی ایک رپورٹ میں غلط نمبر کا ہی حوالہ دیا گیا۔
2022 میں، وائٹ ہاؤس نے کہا تھا کہ امریکہ بحرالکاہل کے جزائر کی مدد کے لیے 81کروڑ ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرے گا، لیکن امریکی کانگریس نے ابھی تک فنڈنگ کے بیشتر وعدوں کی منظوری نہیں دی ۔
بائیڈن انتظامیہ کی بحر الکاہل کے جزائر کے ساتھ تعلقات کو دوبارہ استوار کرنے کی کوششوں کو اس وقت دھچکا لگا جب خطے کے دو اہم ممالک، سولومن جزائر اور وانواتو کے رہنماؤں نے سربراہی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔