بدترین سیلاب،اقوام متحدہ کے سربراہ اظہاریکجہتی کیلئے پاکستان کا دورہ کریں گےتازترین
September 02, 2022
اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس تاریخی سیلاب کے تناظر میں یکجہتی کے لیے اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔
گوتریس کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے باقاعدہ پریس بریفنگ میں بتایا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ کی 9 ستمبر کو اسلام آباد آمد متوقع ہے اور پھر وہ غیر معمولی موسمیاتی تباہی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ کریں گے۔
ڈوجارک نے کہا، سیکرٹری جنرل بے گھر خاندانوں سے ملاقات کریں گے اور یہ بھی دیکھیں گے کہ ہم اپنے انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر (پاکستانی) حکومت کی امدادی کوششوں میں مدد کرنے اور لاکھوں لوگوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے کس طرح کام کر رہے ہیں۔
تباہ کن سیلاب سے نمٹنے بارے پاکستان کی مدد کے لیے 16کروڑ امریکی ڈالرز کی تازہ درخواست کے آغاز پر ایک ویڈیو پیغام میں، گوتریس نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ یکجہتی کے لیے آگے بڑھے اور ضرورت کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کی مدد کرے۔