نئی دہلی(شِنہوا)بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش میں کم سے کم 40 بندر مردہ پائے گئے۔
مقامی حکام نے پیر کو بتایا کہ یہ لاشیں بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی سے تقریباً 121 کلومیٹر مشرق میں ہاپوڑ ضلع کے گڑھ مک تیشور کے جنگلی علاقے میں پائی گئیں۔
محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے شبہ ظاہر کیا کہ بندروں کو زہر دیا گیا ہے۔
محکمہ جنگلات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہمیں معلوم ہوا کہ گڑھمک تیشور کے علاقے میں جھاڑیوں میں 40 بندر مردہ پائے گئے ہیں۔ ہماری ٹیموں کو جائے وقوعہ پر کئی تربوز اور گڑ کے کیوب ملے ہیں جبکہ ہمیں شبہ ہے کہ بندروں کو زہر دیا گیا ہے۔
پولیس کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور بندروں کی موت کی تحقیقات کے لیے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اہلکار نے کہا کہ موقع پر بکھری ہوئی کھانے کی اشیاء کے نمونے اکٹھے کیے گئے ہیں تاکہ ان میں زہر کی ممکنہ موجودگی کا پتہ لگایا جا سکے۔
دریں اثنا بھارتی محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے بندروں کی کچھ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بریلی میں انڈین ویٹرنری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بھیج دیا ہے۔