• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 8th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

بھارت، زہریلی شراب پینے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو گئیتازترین

January 24, 2023

نئی دہلی (شِنہوا) آل انڈیا ریڈیو (اے آئی آر) کے مطابق بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں مشتبہ زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔

ریاستی نشریاتی ادارے نے منگل کے روز  کہا کہ بہار میں جعلی شراب پینے سے 8 افراد ہلاک ہوئے اور 6 لوگوں کی آنکھوں کی بینائی ختم ہو گئی۔

ان اموات کی اطلاع سب سے پہلے اتوار کی رات سیوان ضلع کے لکری نبی گنج میں ملی جو کہ  بہار کے دارالحکومت پٹنا سے 107 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔

آل انڈیا ریڈیو کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، جس کی وجہ 14 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی  ہے۔

آل انڈیا ریڈیو نے کہا  ہے کہ تین لوگوں کو گورکھپور اور 11 کو پٹنا میڈیکل کالج اسپتال میں علاج کے لیے بھیجا گیا ہے۔

نشریاتی ادارے نے بہار کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جے ایس گنگوار کےحوالہ سے کہا ہے کہ سینیٹائزر بنانے کے بہانے کولکتہ سے لائے گئے اسپرٹ سے جعلی شراب بنائی گئی تھی۔

گنگوار نے نشریاتی ادارے کو بتایا کہ اب تک 16 افراد کو غیر قانونی جعلی شراب کی فروخت کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

دریں اثنا اس معاملے پر دو اسٹیشن ہاؤس افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ اس ریاست میں جعلی شراب پینے سے 90 سے زیادہ لوگ ہلاک ہو گئے اور بہت سے دیگر ہسپتال میں داخل ہوئے۔ زیادہ تر اموات سیوان سے متصل سرن ضلع میں ہوئی ہیں۔

ان اموات نے اس ریاست میں غیر قانونی  شراب کی فروخت کو اجاگر کیا ہے جہاں قانون کے تحت شراب کی فروخت اور استعمال پر سختی سے ممانعت ہے۔