نئی دہلی(شِنہوا) بھارت کی اعلیٰ تحقیقاتی ایجنسی سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)نے جمعہ کو دہلی کی شراب پالیسی میں بدعنوانی کے الزامات پر دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی سرکاری رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ اطلاعات کے مطابق سی بی آئی نے دہلی میں منیش سسودیا کے گھر اور مختلف ریاستوں میں 20 دیگرمقامات کی تلاشی لی۔ سسودیا کے پاس دہلی کے وزیرتعلیم کا قلمدان ہے اور محکمہ ایکسائز بھی ان کے ماتحت ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ وہ تحقیقاتی ایجنسی کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ سی بی آئی ایک مقدمہ درج کر کے گزشتہ سال نومبر میں لانچ کی گئی دہلی ایکسائز پالیسی کی تحقیقات کر رہی ہے ، ایکسائز پالیسی کے تحت پرائیویٹ افراد کو شراب کی دکانوں کے لائسنس دیے گئے تھے۔ سی بی آئی تحقیقات کی سفارش دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونائی کمار سکسینہ نے کی تھی جنہوں نے حکمران عام آدمی پارٹی (اے اے پی) پر الزام عائد کیا ہے کہ منیش سسودیا اور حکومت کے سرکردہ افراد کے مالی مفاد کیلئے نجی شراب فروشوں کو فائدہ پہنچانا ہی ایکسائز پالیسی کو لانے کا واحد مقصد ہے۔