نئی دہلی (شِنہوا) بھارتی ریاست مہاراشٹر میں طوفان اور شدید بارش سے ایک بڑا اشتہاری بل بورڈ گرگیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 14 افراد ہلاک اور 75 کے زخمی ہوگئے۔
شہری ایجنسی کے ایک عہدیدار نے فون پر بتایا کہ یہ واقعہ ملک کے اقتصادی مرکز ممبئی کے گھاٹ کوپر علاقے میں پیش آیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بڑا بل بورڈ گرا جس کے تلے کئی کاریں اور دیگر گاڑیاں پھنس گئیں۔ بل بورڈ ایک پٹرول پمپ کے ساتھ نصب تھا۔ حادثے کے وقت متاثرین نے طوفان اور بارش کی وجہ سے پٹرول پمپ پر پناہ لے رکھی تھی۔
مقامی پولیس اور آگ بجھانے والے عملہ نے بل بورڈ تلے دبے افراد کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا۔
ممبئی پولیس نے غیر قانونی طور پر لگائے گئے بل بورڈ مالک کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرلیا ہے۔