ممبئی(شِنہوا)بھارت کی جنوب مغربی ریاست کرناٹک میں زیکا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔
مقامی میڈیا نے منگل کے روز کرناٹک کے وزیر صحت کے حوالے سے بتایا کہ ریاست کے ضلع رائےچور کی ایک 5 سالہ بچی میں زیکا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
کرناٹک کے وزیرصحت کے سدھاکر نے بتایا کہ یہ ریاست میں پہلا کیس ہے اور حکومت بہت احتیاط سے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
وزیر نے کہا کہ حکومت تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
حال ہی میں کیرالہ، مہاراشٹرا اور اتر پردیش میں زیکا وائرس کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
زیکا وائرس زیادہ تر مچھروں سے پھیلتا ہے۔ بھارت میں اس وائرس کی پہلی لہر 2017ء میں گجرات میں رپورٹ ہوئی تھی۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اگرچہ بیشتر لوگوں میں زیکا وائرس صرف ہلکی علامات کا باعث بنتا ہے لیکن یہ بعض اوقات مائیکرو سیفلی اور گیلین بیری سنڈروم سمیت دیگر پیچیدگیوں کا سبب بن جاتا ہے۔