نئی دہلی(شِنہوا)بھارت کی مشرقی ریاست بہار کے ایک دریا میں کشتی الٹنے کے باعث اس میں سوار کم از کم 10 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں جبکہ 40 سے زائد افراد تیر کر محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
پٹنہ میں ضلعی مجسٹریٹ دفتر کے ایک اہلکار نے پیر کے روز بتایا کہ گزشتہ شام بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے علاقے شاہ پور میں دریائے گنگا میں ایک کشتی الٹ گئی۔
امدادی اہلکار اورڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں تاہم سرچ آپریشن اتوار کی شب معطل کر دیا گیا اور پیر کی صبح دوبارہ شروع کیا گیا۔
اہلکار نے کہا کہ تلاش جاری ہے اب تک پانی سے کسی کو بھی نہیں نکالا جا سکا ہے۔ بدقسمت کشتی میں کام سے لوٹنے والے مزدور سوار تھے۔
مقامی افراد کے مطابق کشتی میں سوار تمام افراد کا تعلق پٹنہ کے علاقے داؤد پور سے تھا۔
نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کے غوطہ خوروں کی ایک ٹیم بھی لاپتہ افراد کا پتہ لگانے کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔